اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سمندری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہےکہ پاکستان کے سمندری وسائل کی حفاظت اور ساحلی ماحولیاتی نظام کی بحالی نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پلاسٹک فضلے کو کم کرنے کے لیے قومی سطح پر منصوبہ بندی اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ سمندری آلودگی کو کم کیا جا سکے۔اتوار کو جاری زیرو ویسٹ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر جنید انور چوہدری نے مزید کہا کہ بین الاقوامی موسمیاتی اہداف کے ساتھ ہم آہنگی اور بندرگاہوں میں گرین ٹیکنالوجی کے ذریعے کاربن اخراج کو کم کر سکتے ھیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم ساحلی علاقوں میں مینگروو جنگلات کی افزائش پر کام کر رہے ہیں اور پائیدار نیلی معیشت کے فروغ کے لیے سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ سمندری آلودگی کو روکنے کے لیے بین الاقوامی معیارات پر عمل درآمد اور سمندری حیاتیاتی تنوع کی حفاظت کے لیے ماحولیاتی ضروری اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے یہ واضح کیا کہ بندرگاہوں میں صاف توانائی کے حل کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ ہمارے سمندری وسائل کو بچایا جا سکے۔جنید انور چوہدری نے کہا کہ ساحلی علاقوں میں ماحولیاتی بحالی کے لیے کمیونٹی کی شرکت بہت ضروری ہے اور صنعتی فضلے سے نمٹنے کے ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سمندری وسائل کے تحفظ کے لیے مزید سرمایہ کاری کی جائے گی تاکہ پاکستان کے سمندری ماحول کو بہتر بنایا جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577426