بند گلی میں پھنسنے کے بعد تحریک انصاف کے رہنما اب اداروں اور عدالت سے مداخلت کا مطالبہ کر رہے ہیں، سینیٹر شیری رحمان

222
نو مئی کے واقعات پاکستان کی تاریخ پر سیاہ داغ ،تمام جماعتیں سیاسی عدم استحکام ختم کرنے اور ملکی ترقی کیلئے کردار ادا کریں،سینیٹرشیری رحمان

اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ بند گلی میں پھنسنے کے بعد تحریک انصاف کے رہنما اب اداروں اور عدالت سے مداخلت کا مطالبہ کر رہے ہیں، شارٹ کٹ مارچ میں نہ لوگ نکل رہے نہ ہی اس کا کوئی نتیجہ نکل رہا ہے۔

جمعرات کوجاری بیان میں انہوں نے کہا کہ جب عمران خان کو کوئی ڈیل نہیں ملی اور غیر آئینی مطالبات نہیں مانے گئے تو کنٹیر پر کھڑے ہوکر کہتے ہے کسی سے بات نہیں کروں گا، جس کو تحریک انصاف کے رہنماء سیاسی بحران کہہ رہے وہ سیاسی بحران نہیں بلکہ عمران خان کا طرز سیاست ہے، پارلیمنٹ کو اہمیت دیتے تو آج ریسکیو اپیل نہ کرنی پڑتی۔

شیری رحمان نے کہا کہ تحریک انصاف ابھی جمہوری اور آئینی سیاست سیکھنے کے مراحل میں ہے، اگر جمہوری سیاستدان ہوتے تو مارشل لا لگانے کی بات نہ کرتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ چاہتے ہیں اس نظام کو لپیٹ کر انہیں ملک کا بادشاہ بنا دیا جائے ، جب آپ پارلیمان کی بجائے کنٹینر کا انتخاب کریں گے تو بند گلی میں ہی جائیں گے۔