بنوں ائیرپورٹ کی تعمیر سے نا صرف لکی مروت، کرک، جنوبی اضلاع بلکہ وزیرستان سمیت افغانستان کے عوام بھی مستفید ہوں گے ،ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی کی بنوں ایئر پورٹ کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے اعلیٰ سطحی بریفنگ کے دوران گفتگو

74
ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی متاثرہ ملازمین کی بحالی کیلئے احکامات اورسفارشات پرعمل درآمد کی رولنگ

بنوں۔27ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے کہا کہ بنوں ائیرپورٹ کی تعمیر سے نا صرف لکی مروت، کرک، جنوبی اضلاع بلکہ وزیرستان سمیت افغانستان کے عوام بھی مستفید ہوں گے ،بنوں جنوبی اضلاع کا مرکزی مقام حیثیت رکھتا ہے جو نہ صرف جنوبی اضلاع بلکہ سابقہ فاٹا کے اضلاع کے بھی نزدیک ہے،مسلم لیگ (ن )اور جمعیت علماء اسلام (ف )کی اتحادی حکومت نے یہ منصوبہ شروع کیا تھا اور اس وقت کے وزیر اعظم محمد نواز شریف اور قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان نے اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا تھا تاہم گزشتہ کئی سالوں سے اس منصوبے پر کام کو روک دیا گیا تھا جس کے بعد محمد شہباز شریف نے اس منصوبے کی ازسرنو تعمیر کا اعادہ کیا اور رواں مالی سال 23-2022 میں اس منصوبے کے لئے خصوصی بجٹ مختص کیا،بنوں ایئرپورٹ اپنی نوعیت کا منفرد منصوبہ ہے جس کی تعمیر سے اس علاقے کی عوام کی سہولیات میں مزید اضافہ ہو گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنوں ایئر پورٹ کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے اعلیٰ سطحی بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہیں کراچی اور پشاور سے آئے ہوئے سول ایوی ایشن کے نمائندوں نے بریفنگ دی۔

ڈپٹی اسپیکر نے ایئرپورٹ کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں جاری کام کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بنوں ائیرپورٹ کیلئے محمد نواز شریف کی حکومت نے 675 ملین روپے فنڈ مختص کئے تھے لیکن بد قسمتی سے پی ٹی آئی کی حکومت نے اس منصوبے کیلئے ایک روپےکا فنڈ بھی مختص نہیں کیا ۔انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اس منصوبے کیلئے موجودہ بجٹ میں 500 ملین مختص کئے۔انہوں نے مزید کہا کہ بنوں ائیرپورٹ کی اپ گریڈیشن سے بین الاقوامی پروازیں شروع ہو جائے گی جس سے بیرون ملک مقیم جنوبی اضلاع کے عوام کو آسان سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

قبل ازیں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے کرم دریا پر نصب پل کا معائنہ کیا اور حالیہ سیلاب اور بارشوں کی وجہ زمینی کٹاؤ کی وجہ سے پل کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر نے متعلقہ حکام کو پل کی فوری مرمت کی ہدایت کی۔ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ ہم عوام کو بے یار و مددگار نہیں چھوڑ سکتے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے دن رات مصروف ہے۔انہوں نے کہا کہ کرم پل کی مرمت سمیت دیگر کام کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے جس پر متعلقہ حکام نے فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے پل کی مرمت سمیت دیگر کام کے لئے ہر ممکن وسائل کو بروئے کار لانے کی یقین دہائی کرائی۔