بنوں کنٹونمنٹ کے خود کش حملے کے شہداء کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا

109
ISPR
ISPR

راولپنڈی۔17جولائی (اے پی پی):بنوں کنٹونمنٹ پر 15 جولائی کو دہشتگردوں کے خود کش حملے کے نتیجے میں شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیاگیا۔ب

دھ کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس واقعہ میں شہید نائب صوبیدار محمد شہزاد شہید (عمر 44 سال، ساکن ضلع پونچھ، آزاد کشمیر)،حوالدار شہزاد احمد شہید (عمر 28 سال، ساکن ضلع نیلم، آزادکشمیر)،حوالدار ظل ِحسین شہید (عمر 39 سال، ساکن ضلع خوشاب)، سپاہی ارسلان اسلم شہید (عمر 26 سال، ساکن ضلع بہاولپور)، سپاہی اشفاق حسین خان شہید (عمر 30 سال، ساکن ضلع مظفرآباد، آزاد کشمیر)، سپاہی سبحان مجید شہید (عمر22سال، ساکن ضلع مظفرآباد، آزاد کشمیر)، سپاہی امتیاز خان شہید (عمر 30سال،ساکن ضلع کرک) اور فرنٹئیر کانسٹیبلری کے لانس نائیک سبز علی خان شہید (عمر34سال، ساکن ضلع لکی مروت)کو اپنے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیاگیا۔

شہداء کی نماز جنازہ اور تدفین میں پاک فوج کے سینئرافسران، جوانوں، شہداء کے لواحقین اور عمائدین علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔مادرِ وطن سے دہشتگردی کی لعنت اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔شہداء کی یہ عظیم قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی۔