بنوں کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے15ارب روپے کی منظوری ،زاہد اکرام درانی

85

پشاور۔14جولائی (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ ضلع بنوں کی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے15ارب روپے کے میگا پراجیکٹس کی منظوری دی گئی ہے۔عید ملن پارٹیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں بنوں ایئرپورٹ، بنوں یونیورسٹی اور خواتین یونیورسٹی کی توسیع اور بحالی کے علاوہ دیگر میگا سکیمیں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فنڈز باران ڈیم بڑھانے کے منصوبے، نئی سڑکوں کی تعمیر، آبپاشی اور پینے کے صاف پانی کی سکیموں کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام میگا پراجیکٹس کے ٹینڈرز جاری کر دیئے گئے ہیں اور ضلع بنوں میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے، بنوں ایئرپورٹ کی توسیع کا اعلان سابق وزیراعظم نواز شریف نے کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت میں بنوں کی ترقی کو نظر انداز کیا گیا اور یہاں کے شہریوں کی بہتری کے لیے کچھ نہیں کیا گیا، وہ لوگوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

قبل ازیں ڈپٹی سپیکر نے جنرل سیکرٹری تجارت و صنعت غلام کباز خان سے گائوں کوٹ ڈیم میں ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی اور مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔