بنگلہ دیش، طلبہ کے احتجاج میں شدت، 32 ہلاکتیں، مظاہرین نے سرکاری ٹی وی سٹیشن کو آگ لگا دی

140

ڈھاکہ ۔19جولائی (اے پی پی):بنگلہ دیش میں سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ سسٹم کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبہ نے جمعرات کو سرکاری ٹیلی ویژن کے ہیڈکوارٹرز کو آگ لگا دی۔اے ایف پی کے مطابق بنگلہ دیش میں جاری طلبہ کے احتجاج کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 32 تک پہنچ گئی ہے۔مظاہرین نے جمعرات کو سرکاری ٹی وی بنگلہ دیش ٹیلی ویژن (بی ٹی وی) کے ہیڈکوارٹرز کو اس وقت آگ لگا دی جب ایک دن پہلے وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے سرکاری ٹیلی ویژن پر آکر طلبہ سے پرامن رہنے کی اپیل کی تھی۔جمعرات کو پولیس نے جب سینکڑوں مظاہرین پر ربڑ کی گولیاں چلائیں تو مظاہرین مشتعل ہوگئے جس کے سبب پولیس اہلکار پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوگئے۔

وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت نے طلبہ کے احتجاج کے باعث سکولوں اور یونیورسٹیوں کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا ہے جب کہ پولیس ملک میں امن و امان کی صورت حال پر قابو پانے کیے لیے اقدامات اٹھا رہی ہیں۔شیخ حسینہ واجد نے بدھ کی رات کو ٹی وی پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے مظاہرین کی ہلاکتوں کی مذمت کی تھی اور اعلان کیا تھا کہ قتل میں ملوث افراد کو ان کی سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر سزا دی جائے گی۔تاہم ان کی پرامن رہنے کی اپیل کے باجود سڑکوں پر تشدد میں اضافہ ہوا اور پولیس نے آنسو گیس کے شیل اور ربڑ کی گولیاں چلا کر مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی۔