
ڈھاکہ ۔ 13 اپریل (اے پی پی) بنگلہ دیشی فاسٹ باﺅلر مستفیض الرحمان کی فٹنس مسائل کے باعث آئندہ ماہ آئرلینڈ میں شیڈول سہ ملکی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سیریز میں شرکت مشکوک ہو گئی، وہ ٹخنے کی انجری میں مبتلا ہیں۔ سہ ملکی سیریز 5 سے 17 مئی تک آئرلینڈ میں کھیلی جائے گی جس میں بنگلہ دیش کے علاوہ میزبان ٹیم اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ورلڈ کپ سے قبل بنگلہ دیشی ٹیم کے کھلاڑیوں کو انجریز نے گھیر لیا ہے، محموداللہ، روبیل حسین، مہدی حسن اور سیف الدین کے بعد مستفیض کی انجری بھی بنگلہ دیش کیلئے تشویش کا باعث بن گئی ہے اور اسی وجہ سے ان کی سہ ملکی سیریز میں شرکت غیریقینی صورتحال کا شکار ہو گئی ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیف فزیشین دیباشیش چوہدری نے بتایا ہے کہ ایکسرے رپورٹ کے بعد ڈاکٹرز نے فاسٹ باﺅلر کو دو ہفتوں تک مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے جس کے باعث ان کی سہ ملکی سیریز میں شرکت کے بارے ابھی کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہو گا۔