کرائسٹ چرچ ۔ 16 مارچ (اے پی پی) بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم بحفاظت نیوزی لینڈ سے واپس وطن روانہ ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 16 مارچ سے کرائسٹ چرچ میں شروع ہونا تھا لیکن 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کی مساجد میں ہونے والے دہشتگرد حملے کے بعد آخری ٹیسٹ میچ کو منسوخ کر دیا گیا تھا جس کے بعد بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کو بحفاظت طریقے سے واپس وطن بھیج دیا گیا۔ کرائسٹ چرچ ایئر پورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بنگلہ دیشی ٹیم کے اوپننگ بلے باز تمیم اقبال نے کہا کہ واقعہ کے بعد ہماری فیملیز گھبراہٹ کا شکار ہیں اسلئے اچھا ہے کہ ہم واپس جا رہے ہیں، بلاشبہ یہ ایک خوفناک واقعہ تھا، اسے بھولنے اور صدمے سے نکلنے میں وقت لگے گا۔ واضح رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں ہونے والے حملے میں 50 سے زائد افراد ہلاک جبکہ 40 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔