بنگلہ دیش ،آئندہ مالی سال کے لئے 53 کھرب 57 ارب روپے کے سالانہ ترقیاتی اخراجات کی منظوری

84
Wahiduddin Mahmood
Wahiduddin Mahmood

ڈھاکہ ۔19مئی (اے پی پی):بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے آئندہ مالی سال کے لئے 19 بلین ڈالر (53 کھرب 57 ارب روپے )کے سالانہ ترقیاتی اخراجات کی منظوری دے دی ۔ شنہوا کے مطابق بنگلہ دیشی حکومت کے اعلیٰ ترین اقتصادی پالیسی ساز ادارے نے آئندہ مالی سال (جولائی 2025تا جون 2026) کے لئے تقریباً 19 بلین امریکی ڈالر کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی ) کی منظوری دی ہے۔

یہ رقم رواں مالی سال 25 ۔2024 کے نظرثانی شدہ اے ڈی پی کے مقابلے میں 6.58 فیصد زیادہ ہے۔اس نئی اے ڈی پی کی منظوری بنگلہ دیشی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر اور این ای سی کے چیئرپرسن محمد یونس کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کے اجلاس میں دی گئی۔

اجلاس کے بعد بنگلہ دیشی منصوبہ بندی کے مشیر وحیدالدین محمود نے صحافیوں کو بتایا کہ آئندہ مالی سال کے لئے 23 کھرب ٹکے کے اے ڈی پی میں سے 14.4 کھرب ٹکے کی رقم مقامی ذرائع سے جبکہ بقیہ 8 کھرب 60 ارب ٹکے کی رقم غیر ملکی پراجیکٹ امداد کے طور پر آئے گی۔