بنگلہ دیش انڈر 19کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری،مہمان سکواڈ ایک4 روزہ اور5 ون ڈے میچز کھیلے گا

157
بنگلہ دیش انڈر 19کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری،مہمان سکواڈ ایک4 روزہ اور5 ون ڈے میچز کھیلے گا

فیصل آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):بنگلہ دیش انڈر 19کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کردیا گیاہے جس کے مطابق مہمان بنگلہ دیشی انڈر 19 ٹیم یکم سے 19 نومبر تک پاکستان کا دورہ کرے گی جبکہ مہمان سکواڈ ایک4 روزہ اور5 ون ڈے میچز کھیلے گااور یہ تمام6 میچز 4 سے 18 نومبر تک اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے جائیں گے جس کیلئے اقبال سٹیڈیم کی تزئین و آرائش اور میگا ایونٹ کے شاندار انعقاد کیلئے تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی )کے ترجمان کے مطابق محدود طرز کے یہ میچز 45،45 اوورز پر مشتمل ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ بنگلہ دیش انڈر 19کرکٹ ٹیم نے آخری مرتبہ نومبر2007 میں پاکستان کا دورہ کیا تھااور اس دوران دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا واحد4 روزہ میچ نیشنل سٹیڈیم میں کھیلا گیاجوہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوا تھاجبکہ ٹورمیں شامل5 میں سے2 ون ڈے میچز بنگلہ دیش نے جیتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ آئی سی سی کے قواعد کے مطابق آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2024 میں شرکت کیلئے جو کھلاڑی 31 اگست 2004کو یا اس کے بعد پیدا ہوئے منتخب ہونے کے بعد شرکت کے اہل ہوں گے ۔

انہوں نے بتایا کہ سا ل 2022 پاکستان میں بین الاقوامی ٹیموں کی میزبانی کا سال ہے لہٰذا وہ نومبر میں بنگلہ دیش انڈر 19کرکٹ ٹیم کاخیرمقدم کرنے کے منتظر ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ 15 سالوں میں پاکستان میں پہلی جونیئر بین الاقوامی سیریز ہوگی نیزایک4 روزہ اور5 محدود طرز کی کرکٹ میچز پر مشتمل یہ سیریز دونوں اطراف کے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ سیریز کیلئے قومی انڈر 19 سکواڈ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ پہلا4 روزہ میچ4 سے7 نومبرتک،پہلا ایک روزہ میچ10 نومبر کو، دوسرا ایک روزہ میچ12 نومبرکو، تیسرا ایک روزہ میچ 14 نومبرکو،چوتھا ایک روزہ میچ16 نومبر کو جبکہ پانچواں اور آخری ایک روزہ میچ18 نومبرکو کھیلا جا ئے گا۔انہوں نے بتایا کہ بنگلہ دیشی انڈر 19کرکٹ ٹیم19 نومبرکوواپس وطن روانہ ہوجا ئے گی۔