میرپور۔7دسمبر (اے پی پی):بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے درمیان میرپور ٹیسٹ کا دوسرا روز بارش کی نذر ہوگیا، پہلے روز 15 وکٹیں گرنے کے بعد کھیل کے دوسرے روز بارش کے باعث دونوں ٹیمیں میدان میں بھی نہ اتر سکیں۔ جمعرات کو میرپور کے شیر بنگلہ سٹیڈیم میں دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کا آغاز ہونے سے قبل ہی
علی الصبح بارش شروع ہوگئی اور مسلسل پورا دن جاری رہی، فیلڈ ایمپائرز نے متعدد مرتبہ کنڈیشنز کا معائنہ کیا جبکہ دوپہر ایک بجے حتمی معائنہ کے بعد دوسرے روز کے کھیل کو منسوخ کردیا گیا۔ میرپور ٹیسٹ میں بنگلہ دیش ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 172 رنز پر آئوٹ ہوگئی،
کیوی سپنرز نے بہترین بائولنگ کرتے ہوئے 8 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بنگلہ دیش کے تجربہ کار بلے باز مشفیق الرحیم کو بیٹنگ کے دوران گیند کو ہاتھ سے روکنے پر آئوٹ قرار دینے کا منفرد واقعہ بھی پیش آیا۔ پہلے روز کھیل کے اختتام پر میزبان ٹیم کے بائولرز نے کیوی ٹیم کے 55 رنز پر 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرکے میچ میں اپنی گرفت کو مضبوط بنا لیا ہے، نیوزی لینڈ کو بنگلہ دیش کی پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کے لئے مزید 117 رنز درکار ہیں۔
واضح رہے کہ جمعہ کو تیسرے روز کھیل کا آغاز صبح 9.15 بجے ہوگا جبکہ زیادہ سے زیادہ 98 اوورز کروائے جائیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=417834