چٹاگانگ ۔21 نومبر (اے پی پی) بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ (آج) جمعرات سے چٹاگانگ میں شروع ہو گا، میزبان ٹیم کے کپتان شکیب الحسن جنہوں نے انجری سے نجات پانے کے بعد ٹیم میں کم بیک کیا تھا کی میچ میں شرکت مشکوک ہے۔ سٹار آل راﺅنڈر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کالی آندھی کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شرکت کے حوالے سے غیریقینی صورتحال کا شکار ہیں اسلئے حتمی فیصلہ میچ شروع ہونے سے قبل کریں گے، میں نے صرف چار پریکٹس سیشن میں حصہ لیا اسلئے صحیح طرح سے نہیں کہہ سکتا کہ پانچ روزہ میچ کیلئے سو فیصد فٹ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور وہ جانتے ہیں کہ ہم ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیت سکتے ہیں تاہم ہدف کے حصول کیلئے ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھانا ہو گی۔