ڈھاکہ۔25نومبر (اے پی پی):بنگلہ دیش میں پاکستانی ہائی کمیشن کی فٹ بال ٹیم نے چوتھے دوروزہ ایمبیسی فٹ بال ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی ۔ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کی طرف سے جاری بیان کے مطابق یہ ٹورنامنٹ 24 سے لیکر25 نومبرتک بشوندھرا سپورٹس کمپلیکس ڈھاکہ میں کھیلاگیا۔ٹورنامنٹ میں بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ کی ٹیم سمیت ڈھاکہ میں غیر ملکی سفارت خانوں اورمشنز کی مجموعی طور پر 16 ٹیموں نے حصہ لیا۔ دو روزہ فٹ بال فیسٹیول کا انعقاد ایک مقامی کمپنی نے بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ کے تعاون سے کیا تھا جس کا مقصد ہم آہنگی ، دوستی اور تعاون کے رشتوں کو مضبوط بنانا ہے ۔پاکستانی ہائی کمیشن کی فٹ بال ٹیم نے اپنی کامیابی کے سفر کا آغاز انڈونیشین ایمبیسی کی ٹیم کے خلاف پہلے میچ میں فتح سے کیا اور کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔
پاکستانی ٹیم نے کوارٹر فائنل میچ میں سعودی عرب کے سفارت خانہ کی ٹیم کے خلاف فتح حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ ٹیم پاکستان نے روسی سفارت خانے کی ٹیم کوصفر کے مقابلہ میں تین گول سے شکست دے کرٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔برطانوی سفارت خانہ کی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں پہلی جبکہ امریکی سفارت خانہ کی ٹیم دوسرے نمبرپررہی۔ بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر سید احمد معروف نے بنگلہ دیش کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ شہریارعالم کے ساتھ ایمبیسی فٹ بال ٹورنامنٹ کی تقریب میں شرکت کی۔ پاکستانی ہائی کمشنرنے بنگلہ دیش کے وزیرمملکت برائے امورخارجہ شہریار عالم کے ساتھ بات چیت میں سفارتی مشنز کے درمیان خیر سگالی اور دوستی کھیل کے زریعہ فروغ دینے کے ضمن میں بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ اور دیگر اداروں کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہائی کمیشن مختلف ممالک اور عوام کے درمیان ہم آہنگی اور دوستی کو فروغ دینے والے پروگراموں میں فعال طور پر شرکت اور تعاون جاری رکھے گا۔انہوں نے ٹورنامنٹ میں پاکستانی ہائی کمیشن کی ٹیم کی کارگردگی کی تعریف بھی کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=414192