میرپور ۔ یکم اکتوبر (اے پی پی) تمیم اقبال کی شاندار سنچری کی بدولت بنگلہ دیش نے افغانستان کو آخری اور فیصلہ کن ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 141 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی، شکست کے ساتھ ہی افغانستان کا کسی بھی ہائر رینکڈ ٹیم کے خلاف سیریز جیت کر تاریخ رقم کرنے کا خواب بھی ادھورا رہ گیا، افغانستان کی ٹیم 279 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 33.5 اوورز میں 138 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، بنگال ٹائیگرز کے باﺅلرز کی عمدہ باﺅلنگ کے سامنے افغانستان کا کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا، رحمت شاہ 36 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ تمیم اقبال نے 118 اور صابررحمان نے 65 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا، تمیم اقبال میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ہفتہ کو شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم، میرپور میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت ہوا،
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=22458