بنگلہ دیش نے ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کو پہلی مرتبہ شکست دے کر تاریخ رقم کر دی

208

راولپنڈی۔25اگست (اے پی پی):بنگلہ دیش نے ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کو پہلی مرتبہ شکست دے کر تاریخ رقم کر دی، بنگلہ دیشی کھلاڑیوں نے پاکستان کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی، پاکستانی کھلاڑی کھیل کے تمام شعبوں میں بری طرح ناکام رہے ،

ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 146 رنز پر ڈھیر ہو گئی ، محمد رضوان نے 51 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی ، عبداللہ شفیق 37، کپتان شان مسعود 14 ، بابر اعظم 22 جبکہ سعود شکیل اور سلمان علی آغا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے ، مہدی حسن میراز نے 4 اور شکیب الحسن نے 3 وکٹیں حاصل کیں ،بنگلہ دیش نے 30 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا ، مشفق الرحیم کو پہلی اننگز میں 191 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے پر مرد میدان قرار دیا گیا

، تفصیلات کے مطابق اتوار کو راولپنڈی ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز پاکستان نے 23 رنز ایک کھلاڑی آئوٹ پر اننگز دوبارہ شروع کی تو کپتان شان مسعود گزشتہ روز کے سکور میں محض 5 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد حسن محمود کی گیند پر لٹن داس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ، عبداللہ شفیق اور بابر اعظم نے تیسری وکٹ میں 38 رنز کا اضافہ کیا ، بابر اعظم تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 22 رنز بنانے کے بعد ناہید رانا کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ، اگلے اوور میں مہدی حسن میراز نے پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے سعود شکیل کو صفر پر سٹمپ آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلا دی ،

عبداللہ شفیق اور محمد رضوان نے پانچویں وکٹ میں 37 رنز کا اضافہ کر کے ٹیم کا اسکور 104 تک پہنچا دیا ۔اس موقع پر عبداللہ شفیق نے شکیب الحسن کی گیند پر غیر ضروری سٹروک کھیلا اور کیچ آؤٹ ہو گئے ، محمد رضوان کے علاؤہ کوئی بھی بیٹر بنگلہ دیشی بائولرز کو جم کر نہ کھیل سکا ، سلمان علی آغا صفر پر مہدی حسن میراز کی گیند پر شادمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ، مہدی حسن میراز نے شاہین شاہ آفریدی کو بھی 2 کے انفرادی اسکور پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا ، نسیم شاہ 3 رنز بنانے کے بعد شکیب الحسن کا نشانہ بنے ،

محمد رضوان نے 51 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی ، انہیں مہدی حسن میراز نے کلین بولڈ کیا ، محمد علی پاکستان کے آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو بغیر کوئی رن بنائے مہدی حسن میراز کا شکار بنے ، خرم شہزاد 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ، اس طرح دوسری اننگز میں پاکستان کی ٹیم 146 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن میراز نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 وکٹیں حاصل کیں ، شکیب الحسن نے بھی زبردست بائولنگ کی اور 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ، شریف الاسلام ، حسن محمود اور ناہید رانا نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی ، پہلی اننگز میں 117 رنز کی برتری کی بدولت بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 30 رنز کا ہدف ملا جو اس نے بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا ، ذاکر حسین نے 15 اور شادمان اسلام نے 9 رنز بنائے ۔واضح رہے کہ یہ بنگلہ دیش کی پاکستان کے خلاف 14 ٹیسٹ کھیلنے کے بعد پہلی فتح ہے ، اس سے قبل 13 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان نے 12 میچ جیتے اور ایک میچ ڈرا ہوا۔