بنگلہ دیش پریمیئر لیگ ،کوالیفائر ون میں فارچیون باریشال نے چٹاگانگ کنگز کو 9 وکٹوں سے ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا

160
Bangladesh Premier League

ڈھاکہ ۔3فروری (اے پی پی):بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے کوالیفائر ون میچ میں فارچیون باریشال نے پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد علی کی تباہ کن بائولنگ کی بدولت چٹاگانگ کنگز کو 9 وکٹوں سے ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ محمد علی نے 5 وکٹیں حاصل کیں ، انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔

گزشتہ روز کھیلے گئے کوالیفائر ون میچ میں چٹاگانگ کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے ۔ شمیم حسین نے 79 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ۔ محمد علی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 24 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں ۔

جواب میں فارچیون باریشال نے مطلوبہ ہدف 17.2 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔ توحید ہریدوئے نے طوفانی بیٹنگ کی اور ناقابل شکست 86 رنز بنائے جس میں 2 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے ۔ اس شاندار فتح کے ساتھ فارچیون باریشال نے ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے ۔