بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے تیسرے مرحلے میں ہفتہ کو دو میچ کھیلے جائیں گے

ڈھاکہ ۔ 27 دسمبر (اے پی پی) ساتویں بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے تیسرے مرحلے میں ہفتہ کو دو میچ کھیلے جائیں گے، لیگ کے تیسرے مرحلے میں 8 میچز شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ سٹیڈیم ڈھاکہ کے مقام پر کھیلے جائیں گے جہاں 26 ہزار تماشائیوں کی میچ دیکھنے کی گنجائش ہے۔ اس سلسلے میں پہلا میچ دفاعی چیمپئن کومیلا واریئرز اور راجشاہی رائلز کے درمیان کھیلا جائے گا، دفاعی چیمپئن کومیلا واریئرز کی قیادت ڈاسن شاناکا کریں گے جبکہ راجشاہی رائلز کی ٹیم آندرے رسل کے زیر قیادت میدان میں اترے گی۔ دوسرے میچ میں کھلنا ٹائیگرز اور سلہٹ تھنڈرکی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی۔ مصدق حسین کو سلہٹ تھنڈر کا کپتان بنایا گیا ہے جبکہ کھلنا ٹائیگرز کی کپتانی مشفیق الرحیم کرینگے۔ دونوں میچز شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم، ڈھاکہ میں کھیلے جائیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کا ساتواں ایڈیشن جاری ہے جس میں شائقین کرکٹ کو کانٹے دار مقابلے دیکھنے مل رہے ہیں۔ لیگ میں 7 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے کوشاں ہیں جن کے درمیان 46 میچز کھیلے جائیں گے۔ کومیلا واریئرز کی ٹیم لیگ میں ٹائٹل کا دفاع کریگی۔ لیگ کا فائنل میچ 17 جنوری کو کھیلا جائے گا۔