بنگلہ دیش کی جاتیہ پارٹی کا شیخ حسینہ پر بلیک میلنگ سے گزشتہ انتخابات میں حصہ لینے پر مجبور کرنے کا الزام

160
Bangladesh
Bangladesh

ڈھاکہ ۔1نومبر (اے پی پی):بنگلہ دیش کی جاتیہ پارٹی کے چیئرمین جی ایم قادر نے کہا ہے کہ ان کی جماعت نے گزشتہ انتخابات میں آزادانہ طور پر نہیں بلکی عوامی لیگ کی طرف سے بلیک میلنگ اور جبر کے نتیجہ میں مجبورا ًحصہ لیا تھا۔بیجوئے نگر میں پارٹی ہیڈ کوارٹر پر طلبہ کے حملے ، توڑ پھوڑ اور اسے نذرآتش کئے جانے کے بعد ہنگامی پریس کانفرنس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی پارٹی کو عوامی لیگ کے دور حکومت میں ہونے والے انتخابات میں شامل ہونے کے لیے بلیک میل کیا گیا ۔

ان انتخابات میں ان کی شمولیت رضاکارانہ نہیں تھی اور سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ نے ان کی پارٹی کو طاقت کا استعمال کرتے ہوئے ان میں زبردستی شامل کیاتھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں بعد ازاں غیر منصفانہ سلوک اور سیاسی جوڑ توڑ کا سامنا کرنا پڑا۔ کانفرنس میں جاتیہ پارٹی کے سیکرٹری جنرل مجیب الحق چنوں سمیت دیگر سینئر رہنمائوں نے شرکت کی۔جی ایم قادر نےکہا کہ ہم امتیازی سلوک کے خلاف سٹوڈنٹ موومنٹ کے دوران طلبہ کے ساتھ کھڑے تھے، ہم نے ان کے لئے دعائیں کیں جبکہ بی این پی نے اس تحریک کے خلاف سازشیں کیں ۔

جی ایم قادر نے کہا کہ ہم نے زمینوں پر قبضہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب جبکہ شیخ حسینہ واجد کی پارٹی کی حکومت ختم ہو چکی ہے ہمارے ساتھ منصفانہ سلوک نہیں کیا جا رہا ۔ ہمیں سیاسی طور پر ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،ہمیں اللہ کے سوا کوئی تحفظ حاصل نہیں ہے، ہمیں سازش کے ذریعے مجرم بنایا گیا لیکن ہم اپنا مقدمہ عوام کے پاس لے کر جائیں گے۔