بنگلہ دیش کی مسلح افواج ڈویژن کے پرنسپل سٹاف افسر کا کراچی کا دورہ،پاک بحریہ کے افسران سے ملاقات کی

88
بنگلہ دیش کی مسلح افواج ڈویژن کے پرنسپل سٹاف افسر کا کراچی کا دورہ،پاک بحریہ کے افسران سے ملاقات کی

کراچی۔ 19 جنوری (اے پی پی):بنگلہ دیش کی مسلح افواج ڈویژن کے پرنسپل سٹاف افسر (پی ایس او) لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن نے کراچی کا دورہ کیا، اپنے دورے کے دوران انہوں نے کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل عبدالمنیب، کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل فیصل امین اور ایم ڈی کراچی شپ یارڈ ریئر ایڈمرل سلمان الیاس سے ملاقات کی،

علاوہ ازیں انہوں نے پاک بحریہ کے جہازوں اور یونٹس کا بھی دورہ کیا۔پاک بحریہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مزید برآں دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ فوجی مشقوں، باہمی دوروں اور تربیتی تبادلہ پروگراموں سمیت مختلف ممکنہ شعبوں میں تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔

لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن کے دورے سے دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی مسلح افواج کے تعلقات میں مزید استحکام آئے گا۔