ہانگ زو۔4اکتوبر (اے پی پی): بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم ملائیشیا کو ہرا کر ایشین گیمز مینز کرکٹ کمپٹیشن کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ۔
بنگلہ دیشی ٹیم نے ایشین گیمز مینز کرکٹ کمپٹیشن کےچوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میچ میں ملائیشیا کو سخت مقابلے کے بعد 2 رنز سے شکست دے کر ٹاپ فور کے لئے کوالیفائی کیا۔ ملائیشیا کی ٹیم بنگال ٹائیگرز کی طرف سے ملنے والا 117 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز بناسکی۔
چینی شہر ہانگ زو میں جاری ایشین گیمز میں مینز کرکٹ ایونٹ میں بدھ کو کھیلے گئے چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان سیف حسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو بنگلہ دیشی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 116 رنز بناکر ملائیشین ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 117 رنز کا ہدف دیا۔
کپتان سیف حسن نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 50 رنز کی اننگز کھیلی ،عفیف حسین نے 23 رنز بنائے۔ملائیشین بائولر پون دیپ نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔جواب میں بنگلہ دیشی بائولرز کی عمدہ بائولنگ کے باعث ملائیشین ٹیم بنگال ٹائیگرز کی جانب سے ملنے والا آسان 117 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز م8 وکٹوں پر 114 رنز بناسکی۔
ویران دیپ کی 52 رنز کی اننگز بھی اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔ بنگلہ دیش کی طرف سے رپن منڈول اور عفیف حسین نے تین، تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ یوں بنگلہ دیشی ٹیم نے چوتھے کوارٹر فائنل میچ میں ملائیشین ٹیم کو 2 رنز سے ہرا کر ایشین گیمز مینز کرکٹ کمپٹیشن کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔