بنگلہ دیش کے دورے کے لیے پاکستان ویمنز ٹیم کااعلان، ندا ڈار قیادت کریں گی

102
پاکستان ویمنز ٹیم

کراچی۔ 12 اکتوبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی قومی ویمنز سلیکشن کمیٹی نے ندا ڈار کی قیادت میں پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے جو اس ماہ بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی۔ پندرہ رکنی ٹیم کا اعلان قومی ویمنز سلیکشن کمیٹی کے سربراہ سلیم جعفر نے کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ سے جمعرات کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستانی ٹیم 20 اکتوبر کو بنگلہ دیش روانہ ہوگی جس میں وہ محدود اوورز کے 6 میچ کھیلے گی جن میں آئی سی سی چیمپئن شپ کے 3 ون ڈے انٹرنیشنل بھی شامل ہیں۔ ان میچوں کے شیڈول کا اعلان بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ بعد میں کرے گا۔ ٹیم میں تجربہ کار ارم جاوید کی ایک سال بعد واپسی ہوئی ہے۔ وہ آخری مرتبہ گزشتہ سال برمنگھم کے کامن ویلتھ گیمز میں کھیلی تھیں اس کے علاوہ انہوں نے رواں سال راولپنڈی میں خواتین کے نمائشی میچوں میں سپر ویمن کی نمائندگی کی تھی۔ شوال ذوالفقار اور سیدہ عروب شاہ کو ڈراپ کردیا گیا ہے البتہ وہ مرید کے میں ہونے والے ایمرجنگ کیمپ کی اٹھائیس کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔

ایمرجنگ ٹیم اس ماہ ویسٹ انڈیز اورتھائی لینڈ کی ایمرجنگ ٹیموں کے خلاف ہوم سیریز اور ٹرائنگولر ٹورنامنٹ کھیلے گی۔ فاطمہ ثنا ابھی تک مکمل فٹ نہیں ہوسکی ہیں وہ جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں انجرڈ ہوگئی تھیں۔ پاکستانی ویمنز ٹیم 14 اکتوبر سے غنی انسٹی ٹیوٹ لاہور میں چھ روزہ کیمپ میں حصہ لے گی اور پھر 20 اکتوبر کو براستہ دبئی بنگلہ دیش روانہ ہوگی ۔پاکستان ویمنز ٹیم ندا ڈار ( کپتان )، عالیہ ریاض، بسمہ معروف، ڈیانا بیگ، غلام فاطمہ، ارم جاوید، منیبہ علی ( وکٹ کیپر )، نجیہہ علوی ( وکٹ کیپر )، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، ام ہانی اور وحیدہ اختر پر مشتمل ہے جبکہ نان ٹریولنگ ریزرو میں امبر کائنات، عمیمہ سہیل اور سدرہ نواز ( وکٹ کیپر ) کو رکھا گیا ہے ۔ پلیئر سپورٹ اسٹاف میں ناہیدہ خان ( منیجر )، محتشم رشید ( عبوری ہیڈ کوچ )، سلیم جعفر ( بولنگ کوچ )، توفیق عمر ( بیٹنگ کوچ )، عبدالرحمن ( اسپن بولنگ کوچ صرف کیمپ کے لیے )، محمد اسفندیار ( اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ )، سید نذیر احمد ( میڈیا منیجر )، رفعت اصغرگل ( فزیو تھراپسٹ )اور زبیر احمد ( انالسٹ ) شامل ہیں۔