بنگلہ دیش کے ساحلی شہر کاکس بازار میں روہنگیا کیمپ میں آتشزدگی سے بچہ جاں بحق ، 100 سے زیادہ مکانات اور دیگر ڈھانچے تباہ ہو گئے

84

ڈھاکہ ۔17جنوری (اے پی پی):بنگلہ دیش کے ساحلی شہر کاکس بازار کے علاقہ ٹیکناف میں واقع موچنی روہنگیا پناہ گزین کیمپ میں آتشزدگی سے ایک بچہ جاں بحق اور 100 سے زیادہ مکانات اور دیگر ڈھانچے تباہ ہو گئے جبکہ کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔بنگلہ دیش کی 16 ویں آرمڈ پولیس بٹالین کے ایڈیشنل ڈپٹی انسپکٹر جنرل محمد کوثر سکدر نے آتشزدگی سے ایک بچے کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آگ ہنیلا یونین میں کیمپ کے بلاک پی ۔3 کے اندر ایک رہائش میں شروع ہوئی اوراس نے تیزی سے آس پاس کے گھروں اور ڈھانچے کو لپیٹ میں لے لیا ۔ اطلاع ملنے پر ٹیکناف فائر سروس اسٹیشن سے دو یونٹ جائے وقوعہ پر پہنچے اور تقریباً ایک گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا۔فائر سروس سٹیشن کے عملہ کے مطابق آگ سے کم از کم 100 گھر اور مختلف ڈھانچے جل کر راکھ ہو گئے اور ملبے سے ایک بچے کی لاش برآمد ہوئی۔ آتشزدگی سےکئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔