لاہور۔16جنوری (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت ڈاکٹرز کو مالی طور پر مضبوط کریں گے۔بنیادی مراکز صحت کی نجکاری نہیں، آرٹ سورسنگ کی گئی ہے جس کے تحت کمیونٹی کو جدید اور بہتر انداز میں طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔سٹیٹ آف دی آرٹ مریم نواز ہیلتھ کلینک بنائے گئے ہیں، ڈاکٹرز کیلئے سنہری موقعہ ہے کہ اس ماڈل کو کامیاب بنائیں۔صوبائی وزیر صحت نے ان خیالات کا اظہار مریم نواز ہیلتھ کلینک کیلئے منتخب نوجوان ڈاکٹرز کیلئے مقامی ہوٹل میں آپریشنل ٹریننگ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ٹریننگ سیشن کے دوران منتخب شدہ ڈاکٹرز کو مریم نواز ہیلتھ کلینک کی آپریشنل مینجمنٹ کے مکمل طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔وزیر صحت پنجاب نوجوان ڈاکٹرز سے ملے اور انہیں مریم نواز ہیلتھ کلینک کی حوالگی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آرٹ سورس ماڈل کی کامیابی کی صورت میں ڈاکٹرز کو مزید مراعات دیں گے۔ ہیلتھ کلینک میرٹ، تجربہ اور پروفیشنل مہارت کی بنا پر نوجوان ڈاکٹرز کے حوالہ کئے گئے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ مریم نواز نے تمام بنیادی و دیہی مراکز صحت کی ریویمپنگ کیلئے خطیر بجٹ فراہم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز ہیلتھ کلینک انسانیت کی خدمت سے سرشار نوجوان ڈاکٹرز کو آرٹ سورس کئے گئے ہیں۔
مقامی ڈاکٹرز کو اس سلسلہ میں ترجیح دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز ہیلتھ کلینک کو اپنا کلینک سمجھ کر عوام کی خدمت کریں۔یہ منصوبہ ہیلتھ ڈیلوری میں گیم چینجر ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہیلتھ سسٹم کو موجود خامیوں سے پاک کرنے کیلئے نئے ماڈل متعارف کروائے جارہے ہیں۔انہوں نے سی ای اوز ہیلتھ کو ہدایت کہ مریم نواز ہیلتھ کلینک میں دستیاب سہولیات کے متعلق نمایاں جگہ پر ایک ہی ڈیزائن میں پینا فلیکس آویزاں کریں۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت نادیہ ثاقب نے کہا کہ نوجوان ڈاکٹرز کو مریم نواز ہیلتھ کلینک اسی ہفتے حوالے کئے جارہے ہیں۔اگلے سوموار کو ہیلتھ کلینک باقاعدہ کام شروع کردیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=547325