اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):بوسنیا، ہرزیگووینا کی پریذیڈنسی کے چئیرمین شفیق جعفرووچ پاکستان پہنچ گئے ، و وزیر مملکت برائے ماحولیات زرتاج گل نے اعلی حکام کے ہمراہ بوسنیا ہرزیگووینا کے صدر کا استقبال کیا ۔ بدھ کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق شفیق جعفرووچ وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر پاکستان کا 2 روزہ دورہ کر رہے ہیں ۔۔اس دورے میں اعلی سطح کا وفد بھی شفیق جعفرووچ کے ہمراہ ہے جس میں سلامتی کے وزیر اور صدارتی مشیرشامل ہیں ۔ شفیق جعفرووچ وزیراعظم عمران خان اور صدر ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کریں گے ۔ بوسنیا ہرزیگووینا کے صدر قومی اسمبلی کے سپیکر اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کریں گے۔ شفیق جعفرووچ کی تجارت وسرمایہ کاری کے لئے وزیراعظم کے مشیر اور دیگر اعلی شخصیات سے بھی الگ الگ ملاقاتیں ہوں گی ۔ بوسنیا ، ہرزیگووینا کی پریذیڈنسی کے چئیرمین کی حیثیت سے جناب شفیق جعفرووچ کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے