بٹگرام۔ 4 اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر بٹگرام آصف علی خان کی ہدایات پر انسداد ڈینگی مہم کے سلسلہ میں مانیٹرنگ کا کام مزید سخت کر دیا گیا۔ ڈینگی لاروا کی افزائش کا موجب بننے والے عناصر کی سرکوبی کیلئے کاروائیاں جاری ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے افسران روزانہ کی بنیاد پر ڈینگی مشتبہ مقامات پر چیکنگ اور ٹیموں کی ان ڈور آوٹ ڈور سرویلنس کا جائزہ لینے کیلئے اچانک دورے کر رہے ہیں۔
گھروں کے علاوہ کباڑ خانوں، ورکشاپس، ٹائر شاپس، سروس سٹیشنوں، خالی پلاٹوں اور تعمیراتی جگہوں کی خصوصی چیکنگ کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ سکولوں میں آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے تاکہ بچوں کو اس موذی مرض کے حوالہ سے آگاہی ہو۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں اور ڈینگی ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔