بٹگرام میں پاک فوج اور سویلین اہلکاروں کا کامیاب چیئر لفٹ آپریشن ،امریکی میڈیا نے بھرپور کوریج کی

133
بٹگرام

واشنگٹن۔23اگست (اے پی پی): امریکا کے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا نے پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے ضلع بٹگرام میں پاک فوج اور سویلین اہلکاروں کی جانب سے چیئر لفٹ میں پھنسے بچوں اور مسافروں کو بحفاظت نکالنے کے کامیاب آپریشن کی وسیع پیمانے پر کوریج کی ہے۔

امریکی ٹی وی نیٹ ورکس سی این این، اے بی سی، این بی سی اور سی بی ایس نے بٹگرام میں گہری کھائی کے اوپر فضا میں پھنسی چیئر لفٹ کے واقعے کی فوٹیج کے ساتھ کوریج کی جس میں پاک فوج اور سویلین اہلکاروں نے پیشہ وارانہ مہارتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے 6طلبا اور 2شہریوں کو بحفاظت ریسکیو کیا۔ بعض امریکی چینلز کے نمائندے اس واقعے کی کوریج کے لیے موقعے پر موجود تھے۔

رپورٹس میں کیبل کار میں پھنسے افراد کو بچانےکے آپریشن میں حصہ لینے والے اہلکاروں کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ یہ آپریشن چیلنجنگ اور دلیری کا عکاس تھا۔ دریں اثنا پاکستانی نژاد امریکی شہریوں نے ریسکیو آپریشن کی کامیابی پر خوشی اور پاکستان کو ملنے والی مثبت کوریج پراطمینان کا اظہار کیا۔