بٹگرام پولیس کی جانب سے ڈی پی او بٹگرام کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد

170

بٹگرام۔ 5 اگست (اے پی پی):بٹگرام پولیس کی جانب سے ڈی پی او بٹگرام کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آج ہم اپنے ہر دلعزیز ڈی پی او بٹگرام شہباز الہی کو الوداع کہہ رہے ہیں، آپ کی بے لوث وابستگی، دیانت داری، لگن اور قیادت نے بٹگرام کو ایک محفوظ مقام بنایا ہے، آپ نے اپنے دور میں پولیس فورس میں ایک نئی روح پھونکی اور اپنے ماتحتوں کو ایک مضبوط اور مثالی قیادت فراہم کی، آپ کی موجودگی نے نہ صرف جرائم کی شرح کو کم کیا بلکہ لوگوں کے دلوں میں اعتماد بھی پیدا کیا۔

انہوں نے کہا کہ آپ کے عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں نے ضلع کو بہت فائدہ پہنچایا ہے، ہم آپ کی خدمات کیلئے دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں، ہمیں یقین ہے کہ آپ جہاں بھی جائیں گے، آپ کے عزم اور محنت کی روشنی وہاں بھی چمکے گی۔

مقررین نے کہا کہ پولیس ڈیپارٹمنٹ اور مقامی کمیونٹی کی طرف سے آپ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں، ہم دعا گو ہیں کہ آپ کا آنے والا وقت کامیابی، خوشیوں اور تکمیل سے بھرپور ہو، آپ نے جس خلوص اور محنت کے ساتھ عوام کی خدمت کی وہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہے گی، ہم سب آپ کے شکر گزار ہیں اور شاندار مستقبل کیلئے دعاگو ہیں۔