بٹگرام کے پہاڑوں اور جنگلات میں آگ لگانے والی سرگرمیوں پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد

18
Section 144
Section 144

ایبٹ آباد۔ 11 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر بٹگرام آصف علی خان نے دفعہ 144 ضابطہ فوجداری کے تحت ضلع بھر میں پہاڑوں اور جنگلات میں ہر قسم کی آگ لگانے والی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ ضلع بٹگرام کے پہاڑی اور جنگلاتی علاقوں میں حالیہ دنوں میں آگ لگنے کے واقعات میں اضافے کے باعث یہ پابندی عائد کی گئی ہے، جس کا مقصد جنگلات، جنگلی حیات، ماحول اور مقامی سبزے کو ممکنہ تباہی سے بچانا ہے۔

پابندی کے تحت جنگلات میں آگ لگانا (دانستہ یا غیر دانستہ)، آتش بازی کرنا، کیمپ فائر جلانا، تمباکو نوشی کرنا، باربی کیو یا الاؤ جلانا، کچرا جلانا، آگ جلانے والی اشیاء (ماچس، لائٹر، کوئلہ وغیرہ) ساتھ لے جانا منع ہے۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 پی پی سی کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی تاکہ قدرتی وسائل کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان احکامات پر مکمل عمل درآمد کریں اور ضلع بٹگرام کے جنگلات و ماحول کے تحفظ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔