لاہور۔15جنوری (اے پی پی):سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہاکہ صوبائی دارالحکومت میں انسدادِ گداگری کی کارروائیاں جاری ہیں۔
بچوں اور عورتوں کو ڈھال بنا کر بھیک منگوانے والے منظم گروہ کسی رعایت کے مستحق نہیں۔بدھ کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ گداگری پر زیروٹالرنس اپناتے ہوئے سپروائزری افسران گداگری میں ملوث منظم گروہوں کو پکڑنے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں تیزی لائیں۔
گداگروں کے ٹھیکیداروں کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے۔ ٹریفک پولیس اہم شاہراوں اور سگنلز پر بھکاری مافیا کے خلاف موثر کارروائیاں جاری رکھیں۔ انہوں نے بتایا کہ گداگری کے خلاف تازہ ترین کریک ڈاون میں192ملزمان گرفتارکر کے مقدمات درج کروائے گئے ہیں۔
گرفتار ملزمان میں 189مرد اور 3خواتین شامل ہیں۔ سٹی ڈویژن میں 53، کینٹ میں 30، سول لائنز میں 28، صدرمیں 25، اقبال ٹاون میں 23اور ماڈل ٹاون میں 33ملزمان گرفتار کئے گئے ہیں۔سی سی پی او نے شہریوں سے اپیل کی کہ گداگری کے خاتمہ کیلئے پولیس کا ساتھ دیں، شہری اپنے اردگرد موجود گداگر وں کی اطلاع 15پر دیں۔