بچوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے ، سپیکر قومی اسمبلی

199

اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ہماری آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں اور بچوں پر مشتمل ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اور بچوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی ملک کے روشن مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے بچوں کو تعلیم و صحت کی بہترین سہولیات فراہم کریں اور انکے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے لہذا وہ اپنی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کے روز قومی اسمبلی میں منعقدہ چلڈرن کنونشن سے خطاب کرتے ہوے کیا ۔ سپیکر نے ملک کے روشن مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے بچوں اور نوجوانوں کے کردار کا ذکر کرتے ہوے کہا کہ ملک کے ہر بچے کو تحفظ فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ آنے والے 75 سالوں میں یہی بچے ملک کو تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اس کنونشن کے انعقاد کا مقصد بچوں کو پارلیمانی جمہوریت سے اگاہ کرنا ہے ۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان کی پارلیمان بچوں کے حقوق کی تحفظ کیلئے ہر ممکن قانون سازی کرے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ چائلڈ لیبر اور بچوں کو ہراساں کرنے کے واقعات کے خاتمے کیلئے سخت قانون بنانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے ضرورت مند بچوں کی پرورش اور انہیں تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کیلئے سویٹ ہومز کی خدمات کو سراہا ۔انہوں نے کہا کہ یسے نیک مقاصد کیلئے کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ضروری ہے ۔

انہوں نے نوجوانوں کو انٹرنشپ اور سکول کے بچوں کو پارلیمنٹ ہاؤس کے دورے جیسے اقدامات کا ذکر کرتے ہوے کہا کہ یہ اقدامات بچوں کو قانون سازی کے معاملات سے آگاہی دینے اور پارلیمانی نظام میں شمولیت کا احساس دلائیں گے ۔ کنونشن میں بچوں نے چائلڈ لیبر ، یکساں نصاب تعلیم ، بچوں کی ہراسگی کے خاتمے سمیت صحت اور تعلیمی مواقعوں کے حوالے سے مختلف موضوعات پر تقاریر کی ۔

انہوں نے کنونشن کے دوران بچوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے سوالات بھی کئے جن کےوفاقی وزرا اور اراکین پارلیمنٹ نے جوابات دئیے ۔شرکا نے طلباء طلبات کے ٹیلنٹ کو سراہا اور پارلیمنٹ ہاؤس میں بچوں کو کثیر تعداد میں مدعو کرنے پر سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا شکریہ ادا کیا ۔

کنونشن میں ملک بھر کے سرکاری و نجی اداروں کے طلباء و طلبات ، سویٹ ہوم کے بچوں اور سٹریٹ چلڈرن نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔کنونشن کے اختتام پر ایک متفقہ قرارداد بھی منظور کی گئی جس میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ بچے ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ روشن مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے بچوں کو تمام بنیادی حقوق فراہم کئے جائیں گے۔

کنونشن کے اختتام پر سپیکر نے بہترین کارکردگی دکھانے والے بچوں میں انعامات اور ڈائمنڈ جوبلی یادگاری شیلڈ تقسیم کئی اور بچوں اور کنونشن کے شرکاء کے ہمراہ گروپ فوٹو بنوائی ۔