اسلام آباد ۔ 14 نومبر(اے پی پی) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے بچوں کے حقوق اور تحفظ کے فروغ کیلئے جسمانی سزا کی روک تھام کا بل پارلیمنٹ میں پیش کیا ہے، توقع ہے کہ اسے منظوری کیلئے جلد پیش کیا جائے گا۔ وزارت انسانی حقوق کے ذرائع کے مطابق اس بل کا مقصد بچوں کے حقوق اور انسانی حقوق کو ریگولیٹ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت بچوں کے حقوق کے تحفظ اور ان پر تشدد کی روک تھام کیلئے گھریلو ملازمین سے متعلق نئی قانون سازی وضع کر رہی ہے۔ ذرائع نے مزید کہا کہ پہلی بار 2010ءمیں جسمانی سزا کی روک تھام کا بل قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا تھا اور اس کا مقصد تعلیمی اداروں میں بچوں پر جسمانی تشدد کی روک تھام کو یقینی بنانا تھا۔ وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے ٹویٹر پر بھی اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ہمارا جسمانی سزا کی روک تھام کا بل تیار ہے۔