بچے اپنی تعلیمی قابلیت کی بدولت امتحانات میں کامیابی سمیٹیں، اے سی ڈیرہ مراد جمالی

64

کوئٹہ۔ 28 جنوری (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی مجیب الرحمن ساتکزئی نے کہا ہے کہ نقل ایک ناسور اور ریت کی وہ دیوار ہے جو کبھی ٹک نہیں سکتی ، بچے اپنی تعلیمی قابلیت کی بدولت امتحانات میں کامیابی سمیٹیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول میں امتحانی سینٹر کے جائزے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالحمید ابڑو بھی موجود تھے ۔ امتحانی سینٹر میں بچوں کے درمیان فاصلہ نہ ہونے پر اسسٹنٹ کمشنر نے اظہار برہمی کی اور انچارج کو سختی کے ساتھ ہدایات دیں کہ اس عمل سے اجتناب کیا جائے کیونکہ اس طرح بچے آسانی کے ساتھ نقل کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ کی جانب سے سخت ہدایات دی گئی ہیں کہ نقل کی روک تھام کے سلسلے میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے جس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے امتحانی سینٹر کے انچارج کو بھی تاکید کی کہ جو بھی امیدوار نقل کرتے پکڑا جائے اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے کیونکہ یہ عمل بچوں کے وسیع ترمفادات میں ہے ۔