بچے دنیا کا مستقبل ہیں، ان کے حقوق کو یقینی بنانا سب کی ذمہ داری ہے، بیگم ثمینہ علوی کا تقریب سے خطاب

57
بچے دنیا کا مستقبل ہیں، ان کے حقوق کو یقینی بنانا سب کی ذمہ داری ہے، بیگم ثمینہ علوی کا تقریب سے خطاب
BEGUM SAMINA ARIF ALVI ADDRESSING A CEREMONY REGARDING CHILDREN WITH DISABILITIES, AT AIWAN-E-SADR, ON DECEMBER 15, 2021.

اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی اہلیہ بیگم ثمینہ علوی نے خصوصی بچوں کو معاشرے کی جانب سے انتہائی نگہداشت اور زندگی کے تمام شعبوں میں مواقع کا حامل مجموعی ماحول مہیا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بچے دنیا کا مستقبل ہیں اور ان کے حقوق کو یقینی بنانا سب کی ذمہ داری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں ایوان صدر میں "الشفاء ٹرسٹ کے بہادر بچوں کو خراج تحسین” کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) اور سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے اشتراک سے فنڈ ریزنگ کی تقریب میں الشفاء ٹرسٹ کی سرگرمیوں کو اجاگر کیا گیا جو ذہنی و جسمانی معذوری کے شکار بچوں کی دیکھ بھال، بحالی اور خصوصی سکولنگ کی ضروریات کو پورا کر تی ہیں۔

بیگم ثمینہ علوی نے ذہنی عوارض میں مبتلا بچوں کے لیے سہولیات کی کمی کے حوالے سے معاشرے میں بڑھتے ہوئے رجحانات کی نشاندہی کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مختلف پروگراموں کے ذریعے معذور افراد سمیت عوام کی خدمت کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے مطابق کل آبادی کا 15 فیصد کسی نہ کسی شکل میں معذوری کا شکار ہے جن میں سے 80 فیصد ترقی پذیر ممالک میں مقیم ہیں۔ انہوں نے ان اقدامات کی حمایت کرنے پر زور دیا جن کا مقصد جسمانی اور ذہنی چیلنجوں سے دوچار بچوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ بیگم ثمینہ علوی نے ذہنی عوارض میں مبتلا بچوں کی بحالی کے لیے الشفاء ٹرسٹ کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے کراچی میں الشفاء ٹرسٹ کے کمپلیکس کی اپ گریڈیشن پر جاری کام پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ ملک کے بہترین بحالی مراکز میں سے ایک ثابت ہوگا۔ پی آئی اے کے سی ای او اور الشفا ٹرسٹ کے چیئرمین ایئر مارشل (ر) ارشد ملک نے کہا کہ بحالی مرکز کمزور خاندانوں اور ذہنی اور جسمانی مشکلات میں مبتلا بچوں کی مدد کرکے معاشرے میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ الشفاء کے انسٹرکٹرز ایسے بچوں کو ‘فرشتہ اور تتلیاں’ سمجھتے ہیں اور ان کے ساتھ انتہائی احتیاط اور محبت سے پیش آتے تھے۔

انہوں نے خیرات کے عظیم مقصد کی حمایت کرنے پر بیگم ثمینہ علوی کو خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر پولینڈ کے سفیر ماکیج پسارسکی نے بچوں کو ‘زندگی کی امید’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں ان کی شمولیت کے لیے خصوصی بچوں کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔

گلوکار اور بچوں کے حقوق کے سرگرم کارکن شہزاد رائے نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ تمام بچوں خاص طور پر ذہنی اور جسمانی چیلنجز کا شکار بچوں کی بہبود اہم ہے۔ قومی ایوارڈ یافتہ اداکار فخر عالم نے اپنے ویڈیو پیغام میں خصوصی بچوں کی دیکھ بھال کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور لوگوں سے الشفاء ٹرسٹ کے لیے عطیات دینے کی اپیل کی۔ خصوصی بچوں کے گروپس نے لوک گیتوں پر ٹیبلوز پیش کیے جنہیں مہمانوں نے خوب سراہا۔