اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ ہمارے لئے سب سے بڑا چیلنج سیلاب زدہ علاقوں میں موجود چھ لاکھ سے زائد حاملہ خواتین کو صحت کی سہولیات کی فراہمی ا اور زچہ و بچہ کی جان بچاناہے ، متاثرہ علاقوں میں ہیلتھ کیمپس لگائے جا رہے ہیں جہاں ٹائیفائیڈ،جلد اور نمونیا سمیت متعدد بیماریوں کا علاج جاری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلوبل فنڈ کی پاکستان کے سینئر منیجر ازسکان سے ملاقات کے دوران کیا ۔پاکستان میں گلوبل فنڈ کی وزارت صحت کے حکام سے آئندہ تین سال کی امداد بارے بات چیت ہوئی۔
اس موقع پر گلوبل فنڈ کے سینئر منیجر ازسکان نے کہا کہ مشکل ترین حالات کے باوجود وفاقی حکومت کے سیلاب متاثرین کی مدد اور ان کی صحت کے حوالے سے اقدامات قابل ستائش ہیں۔انہوں نے کہا کہ گلوبل فنڈ کی مدد سے پاکستان کے صحت کے حکام نے ٹی بی، ایڈز، ملیریا اور پبلک ہیلتھ میں بہترین کام انجام دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم آئندہ بھی حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر صحت کے مسائل حل کرنے کے حوالے سے تمام ممکن اقدامات کریں گے ۔ملاقات میں کامن میڈیکل یونٹ کے نیشنل کوآرڈ ینیٹر مصطفٰی جمال قاضی بھی موجود تھے ۔