پشاور۔ 26 اگست (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی ملک لیاقت علی خان نے کہا ہے کہ ملک کے مسائل کا سب سے اہم مسئلہ آبادی کا تیزی سے بڑھنا ہے،آبادی میں تیزی سے اضافہ تشویشناک ہے۔بڑھتی ہوئی آبادی کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
علماء و مشائخ کیساتھ مل بیٹھ کر سکول کالجز اور سوشل میڈیا کے ذریعے آگاہی سیمینار منعقد کرنے کی ضرورت ہے۔عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور اس سلسلہ میں میرے دفتر کے دروازے عوام کیلئے ہر وقت کھلے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی تنظیم راہنمااور UNFPAکی جانب سے فیملی پلاننگ کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی عسکر پرویز و سابق رکن صوبائی اسمبلی مہر سلطانہ اور سیکرٹری بہبود آبادی عماد علی لوحانی،گوہر زمان اوردیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
سیمینار میں سول سوسائٹی آرگنائزیشن اور سماجی تنظیم راہنماکے عہدیداران نے صوبہ میں بڑھتی ہوئی آبادی پرقابو پانے کیلئے تفصیلی بریفنگ دی ۔حکام نے آبادی کنٹرول کرنے کیلئے مختلف تجاویز دیں اورآگاہی مہم تیز کرنے پر زوردیاْ۔