اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوارمیں جاری مالی سال کے پہلے دوماہ کے دوران سالانہ بنیاد پر0.2فیصد کمی جبکہ اگست میں ماہانہ بنیاد پر4.7فیصداضافہ ہوا۔ ادارہ شماریات(پی بی ایس) کی جانب سے بڑی صنعتوں کی پیداوار (ایل ایس ایم آئی)سے متعلق ماہانہ رپورٹ کے مطابق مالی سال کے پہلے دوماہ میں بڑی صنعتوں کی پیداوارکااشاریہ 108.8پوائنٹس ریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 0.2فیصدکم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں بڑی صنعتوں کی پیداوار کا اشاریہ 109.1پوائنٹس ریکارڈکیاگیاتھا۔
اگست میں بڑی صنعتوں کی پیداوارکااشاریہ 111.3پوائنٹس ریکارڈکیاگیا جوجولائی کے مقابلے میں 4.7فیصدزیادہ ہے، جولائی میں بڑی صنعتوں کی پیداوارکااشاریہ 106.4پوائنٹس ریکارڈکیاگیاتھا۔اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے دوماہ میں ٹیکسٹائل کی پیداوارمیں سالانہ بنیاد پر0.6فیصد،خوراک 0.32فیصد،کوئلہ وپٹرولیم0.5فیصد،ویئرنگ ایپرل 2.2فیصد،کھادیں 0.1فیصد،مشروبات 0.1فیصد،آٹوموبائل 0.4فیصد،تمباکو0.4فیصد،پیپراینڈ بورڈ0.1 فیصد اورٹرانسپورٹ آلات کی پیداوارمیں سالانہ بنیاد پر0.1فیصداضافہ ہوا۔ اس کے برعکس فارمامصنوعات کی پیداوارمیں 0.1فیصد،غیردھاتی معدنی مصنوعات 1.4فیصد،آئرن اینڈسٹیل o.7فیصد،کیمیکل مصنوعات 0.1فیصد اوربرقی مصنوعات کی پیداوارمیں 0.6فیصدکی کمی ہوئی۔