اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی ریلوے کی ترقی سے وابستہ ہے،پاکستان کو جلد ریلوے کے حوالے سے خوشخبری ملے گی، ریلوے کی اربوں روپے کی زمینیں واگزار کرائی گئیں، ریلوے سٹیشنز کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے،ریلوے کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے کوشاں ہیں، ریلوے ٹریک کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، ٹرینوں کے اوقات سے متعلق کوئی رعایت نہیں دی جائے گی، وزیراعظم شہباز شریف ریلوے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، ریلوے سٹیشنز پر معلوماتی ڈیسک قائم کیے گئے ہیں، ہم نے ٹرین ہوسٹس کی سہولت متعارف کرائی ہے، ریلوے سٹیشنز پر کھانے پینے کی اشیاء کا معیار بہتر بنایا گیا ہے، پاکستان تھرکول، ریکوڈک اور علاقائی رابطہ چاہتا ہے، پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر ریلوے ہوسٹس گرین لائن پر کام کر رہی ہے، پنجاب میں مریم نواز بہت کام کر رہی ہیں۔
منگل کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے پروگرام میٹ دی پریس میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلویز محمد حنیف عباسی نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف ریلوے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، پچھلے ہفتے وزیراعظم کو 45 منٹ کی ریلوے پر بریفنگ دی تو انہوں نے کہا کہ آپ پہلے وزیر ہیں جو پریذنٹیشن دے رہے ہیں، وزیراعظم نے میری کارکرد گی پر تعریف کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے میں تعمیر و ترقی کے ساتھ واش رومز کی صفائی ستھرائی پر زور دیا، آج بھی کوئی مجھے ریلوے کے حوالے سے ویڈیوز بھیج دیتا ہے تو اس پر فوری عمل درآمد کرواتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی پاکستان ریلوے سے وابستہ ہے، پاکستان تھرکول، ریکوڈک اور علاقائی رابطہ چاہتا ہے، بھارت نے اپنی ریلوے کو اس سال 7 کھرب روپے دیئے۔ حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان کو جلد ریلوے کے حوالے سے خوشخبری ملے گی،روس تک ٹرین چلانے کی ہماری تیاری مکمل تھی مگر ایران اسرائیل جنگ کی وجہ سے اس میں تاخیر ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مریم نواز بہت کام کر رہی ہیں، پنجاب حکومت ریلوے کی بہتری اور ترقی کیلئے سب سے زیادہ خرچ کر رہی ہے،پنجاب حکومت کی سرمایہ کاری نے ریلوے کو چار چاند لگا دیئے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بلوچستان کے وزیر اعلیٰ سے بھی اس حوالے سے بات ہوئی ہے، وہ بھی اس میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے تیار ہیں جبکہ سندھ سے بھی اس بارے میں بات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرینوں کو آئوٹ سورس کرنے جا رہے ہیں، بولان میل، خوشحال خان خٹک ایکسپریس سمیت دیگر بند ٹرینوں کو بحال کیا ہے جس سے عوام کو سہولت حاصل ہوئی ہے،ہمارا ہر سکول اور کالج انٹرنیشنل لیول پر جائے گا، ہم نے ٹرین ہوسٹس کی سہولت متعارف کرائی ہے، غیر ضروری شعبے بند کر کے چھوٹے سٹاف کو دیگر شعبوں میں ایڈجسٹ کیا گیا ہے جبکہ لاکھوں روپے تنخواہیں لینے والے افسران کو خدا حافظ کہہ دیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس برس ریلوے نے پاکستان کی 77 سالہ تاریخ میں سب سے زیادہ ریونیو کمایا ہے، حکومت مزید تعاون کرے تو اگلے برس ریلوے کو منافع بخش ادارہ بنا دیں گے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ نیشنل پریس کلب ہمارا دوسرا گھر ہے، نیشنل پریس کلب راولپنڈی کیمپ آفس کے بعد این پی سی اسلام آباد کے جم کے لیے 10 کروڑ فنڈ فراہم کرنے کی کوشش کروں گا۔ وفاقی وزیر ریلوے کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا، بھارت کے خلاف تاریخی فتح پر قوم کو فخر ہے،بھارتی جارحیت پر پوری قوم نے بھرپور اتحاد کا مظاہرہ کیا اور فوج کا ساتھ دیا۔ قبل ازیں این پی سی کے صدر اظہر جتوئی اور سیکرٹری نیئر علی نے پریس کلب آمد پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا ۔