پیرس۔18دسمبر (اے پی پی):ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن کی بڑھتی ہوئی قدر کے باعث بڑے فیشن برانڈز کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی ہے۔ رائٹرز کے مطابق حالیہ ہفتوں میں فرانسیسی لگژری ڈپارٹمنٹل سٹور’’پرنٹیمپس ہائوسمین ‘‘نے اعلان کیا کہ وہ دنیا کے سب سے بڑے کرپٹو ایکسچینج بائی نانس اور فرانسیسی مالیاتی ٹیک کمپنی لائزی کے ساتھ مل کر کرپٹو کرنسیوں بشمول بٹ کوائن اور ایتھریم کو فرانس میں قائم اپنے سٹورز میں قبول کر رہا ہے۔
قبل ازیں لگژری برانڈز بشمول ایل وی ایم ایچ ، واچ لیبل ہبلاٹ اور ٹیگ ہاورکے ساتھ ساتھ گوچی اور بیلسیاگانے اس کرنسی میں لین دین کے تجربے کی تصدیق کر چکے ہیں۔ بائننس فرانس کے صدر ڈیوڈ پرنکے نے کہا ہے کہ ان کی کمپنی دیگر لگژر ی برانڈز کے ساتھ بھی ڈیجیٹل کرنسیز میں لین دین کے لئے بات چیت کر رہی ہے۔
لگژری لائٹر اور قلم بنانے والی کمپنی ایس ٹی ڈوپونٹ نے بتایا کہ اس نے کرسمس کی تعطیلات سے قبل پیرس کے دو سٹورز میں کرپٹو کرنسی کی ادائیگی قبول کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔دریں اثنا کروز کمپنی ورجن وائجز نے رواں ماہ میں بٹ کوائن کو ادائیگی کے آپشن کے طور پر قبول کیا ہے۔
ریگولیٹرز طویل عرصے سے متنبہ کر رہے ہیں کہ بٹ کوائن جیسی کرپٹو کرنسیاں خطرے والے اثاثے ہیں کیونکہ حقیقی دنیا میں ان کا استعمال محدود ہے لیکن نومنتخب امریکی منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کی وجہ سے بٹ کوائن کی قدر میں حالیہ عرصے کے دوران ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے۔