فیصل آباد۔ 06 جنوری (اے پی پی):محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آبادکے ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر قیصر خلیق نے حاملہ بھیڑوں کو آخری ماہ میں ریوڑ سے الگ کر کے انہیں زود ہضم غذا فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ بکری پال حضرات بھیڑ بکریوں کو شدید سردی کے باعث موسمی بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی ٹیکے بھی لگوائیں اور انہیں رات کے وقت کھلی جگہ پر باندھنے سے بھی گریز کیاجائے تاکہ ان کی پیداواری صلاحیت کو نقصان سے بچایاجاسکے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ملک میں گوشت،دودھ اور اون کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث لائیو سٹاک فارمرز اور کسانوں کو چاہیے کہ وہ زیادہ گوشت اور اچھی اون کیلئے بھیڑوں کی علاقائی نسلیں پالنے کو ترجیح دیں اور اس سلسلے میں ماہرین لائیو سٹاک اور متعلقہ محکمہ کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ مالی فائدہ حاصل کر سکیں۔
انہوں نے لائیو سٹاک فارمرز کو ہدایت کی کہ بھیڑوں کے باڑے کو سطح زمین سے 2فٹ اونچا رکھا جائے، انہیں کرم کش ادویات ہر 4ماہ بعد پلوائی جائیں اور اون کی کترائی موسم بہار اور موسم خزاں میں (سال میں 2بار )کروائی جائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=542961