بک فیئر نیشنل بک فاﺅنڈیشن کی قابل تحسین روایت ہے جسے اس بار نئی آب و تاب سے منایا جائے گا،عرفان صدیقی

اسلام آباد ۔ 15 فروری (اے پی پی) قومی یوم کتاب کی مناسبت سے 22 اپریل کو اسلام آباد میں ایک عظیم الشان بک فیئر اور ادبی میلہ ہو گا۔ پاک چائنا سینٹر میں منعقد ہونے والا یہ کتابی اور علمی و ادبی میلہ تین دن جاری رہے گا۔ یہ فیصلہ بدھ کو قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن میں منعقد ہونے والے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت …

اسلام آباد ۔ 15 فروری (اے پی پی) قومی یوم کتاب کی مناسبت سے 22 اپریل کو اسلام آباد میں ایک عظیم الشان بک فیئر اور ادبی میلہ ہو گا۔ پاک چائنا سینٹر میں منعقد ہونے والا یہ کتابی اور علمی و ادبی میلہ تین دن جاری رہے گا۔ یہ فیصلہ بدھ کو قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن میں منعقد ہونے والے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بک فیئر نیشنل بک فاﺅنڈیشن کی قائم کردہ قابل تحسین روایت ہے جسے اس بار نئی آب و تاب سے منایا جائے گا۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ کتاب معاشرے میں باہمی بھائی چارے، ہمدردی اور خیر سگالی کو فروغ دینے کا بہترین وسیلہ ہے۔ کتاب سے دور معاشرے نہ صرف علم سے دور ہو جاتے ہیں بلکہ ان کی انسانی اور تہذیبی قدریں بھی کمزور پڑنے لگتی ہیں۔ نیشنل بک فاﺅنڈیشن کے ایم ڈی ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے تین روزہ کتاب میلے کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے صف اول کے تمام پبلشرز اور بک سیلرز نے اس میلے میں شرکت پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ عامر حسن کے علاوہ دیگر حکام موجود تھے۔

Leave a Reply