نئی دہلی۔30جولائی (اے پی پی):بھارت کی مشرقی ریاست جھارکھنڈ میں مسافر ٹرین کی 18 بوگیاں پٹڑی سے اترنے سے 2 افراد ہلاک اور20 زخمی ہو گئے۔شنہوا کے مطابق یہ حادثہ منگل کی صبح کو جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی سے تقریباً 123 کلومیٹر جنوب مشرقی ضلع ویسٹ سنگھ بھوم کے چکردھر پور کے بارابمبو سٹیشن کے قریب پیش آیا ۔ ضلع ویسٹ سنگھ بھوم کے ڈپٹی کمشنر کلدیپ چوہدری نے بتایا کہ بارابمبو سٹیشن کے قریب ہاوڑہ۔ممبئی میل کے 18 بوگیاں پٹری سے اترنے کے نتیجے میں2 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے۔
ٹرین ہاوڑہ سے ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس (سی ایس ایم ٹی ) جا رہی تھی۔ریلوے حکام نے ریلیف اینڈ ریسکیو کوششوں کے لیے عملے کے ساتھ ایکسیڈنٹ ریلیف میڈیکل آلات ( اے آر ایم ای ) کو موقع پر پہنچا دیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ پٹری سے اترنے والی 18 بوگیاں میں سے 16 مسافر کوچ، ایک پاور کار اور ایک پینٹری کار تھی۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ حادثہ مخالف سمت سے آنے والی ایک مال بردار ٹرین کے پٹری سے اترنے اور وہاں سے گزرنے والی مسافر ٹرین کے متاثر ہونے کے بعد پیش آیا۔ تاہم حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
حادثے کے باعث ریلوے نے پانچ ٹرینوں کو منسوخ کرنے اور چار ٹرینوں کو مختصر مدت کے لیے روٹ پر بند کرنے کا حکم دیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ واضح رہے کہ 18 جولائی کوبھارتی ریاست اتر پردیش کےضلع گونڈا میں چندی گڑھ۔ڈبرو گڑھ ایکسپریس کی 21 بوگیاں پٹری سے اترنے سے چار افراد ہلاک اور 32 زخمی ہو گئے تھے۔