بھارت، شادی کی تقریب میں رقص کے دوران 23 سالہ لڑکی کی موت

95

نئی دہلی ۔10فروری (اے پی پی):بھارت میں ہونے والی ایک شادی کی تقریب کے دوران ڈانس کرنے والی نوجوان خاتون اچانک گر پڑیں اور چل بسیں۔این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع اوڈیشہ کے ریزارٹ پر ہونے والی شادی کی تقریب میں پیش آیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 23 سالہ پرینیتا جین اپنی کزن کی شادی میں شرکت کے لیے اندور سے آئی تھیں۔واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پرینیتا جین ہلدی کی رسم کے دوران سٹیج پر ڈانس کر رہی ہیں جبکہ تقریب میں 200 کے قریب مہمان بھی شریک ہیں۔اس وقت بالی وڈ گانا ’لہرا کے، بل کھا کے‘ چل رہا ہے۔ جس پر ان کے علاوہ کچھ اور خواتین بھی ڈانس کر رہی ہیں۔

تاہم اس دوران ہی ان کو اچانک ہی گرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔اس کے بعد کچھ لوگ ان کو اٹھانے کے لیے آگے بڑھتے ہیں۔مہمانوں میں کچھ ڈاکٹر بھی شامل تھے۔ انہوں نے فوری طور پر سی پی آر کی مشق سے ان کی سانس بحال کرنے کی کوشش کی، تاہم ان کی سانس بحال نہ ہو سکی۔خاتون کو فوری طور پر قریبی واقع نجی ہسپتال میں لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے تصدیق کی کہ وہ مر چکی ہیں اور ان کو دل کا دورہ پڑا تھا۔