نئی دہلی۔26مارچ (اے پی پی):بھارت میں متنازع زرعی قوانین کے خلاف کسانوں نے پورا بھارت بند کر دیا، متعدد علاقوں میں سڑکیں اور ٹرینیں روک کر احتجاج کیا جا رہا ہے۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق کسان رہنما درشن پال کا کہنا ہے ان کا ملک گیر احتجاج پرامن ہے۔
بھارت میں متعدد علاقوں میں سڑکیں اور ٹرینیں بند کرکے احتجاج کیا جا رہا ہے۔ متحدہ کسان مورچہ کی اپیل پر پورے بھارت میں بازار، شاپنگ مالز اوردکانوں کو تالے لگ گئے۔ ہڑتال کا وقت جمعہ کی صبح چھے سے شام چھ بجے تک ہے۔ ٹریڈ یونین اور تاجرتنظیمیں، وکلا برادری، طلبا اور اپوزیشن بھی کسانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ گھر بار چھوڑ کر لاکھوں کسان دلی، غازی پور، سنگھو اور ٹکری باررڈ پر موجود ہیں۔ کسان مظاہرین نے مطالبات کی منظوری تک ڈٹے رہنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ بھارتی کسان تین متنازع قوانین کی واپسی کے لیے 26 نومبر سے سڑکوں پر ہیں۔