بھارتی افواج نے لائن آف کنٹرول پر چری کوٹ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کرکے سول آبادی کو نشانہ بنایا ‘بھارتی فائرنگ سے ایک خاتون اور چار بچوں سمیت چھ شہری زخمی ہوئے’ آئی ایس پی آر

83

راولپنڈی ۔ 5 اپریل (اے پی پی) بھارتی افواج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر چری کوٹ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کرکے سول آبادی کو نشانہ بنایا ہے۔ جمعہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بھارتی فائرنگ سے ایک خاتون اور چار بچوں سمیت چھ شہری زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق زخمیوں میں 35 سالہ خاتون شبنم زوجہ رقیب حسین شاہ، 13 سالہ کاشان ولد رقیب حسین شاہ، 6 سالہ فیضان ولد رقیب حسین شاہ، 14 سالہ نساء دختر شفیق اور 10 سالہ آصفہ دختر شفیق شامل ہیں جو سیریاں گائوں کے رہائشی ہیں۔ اس کے علاوہ چافر گائوں کا رہائشی 28 سالہ شاہد حسین ولد محمد حسین بھی بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے زخمی ہوا ہے۔ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کے دستوں نے بھارتی فائرنگ کا موثر جواب دیتے ہوئے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا تو ان میں آگ لگ گئی۔ اطلاعات کے مطابق پانچ بھارتی فوجی ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوئے ہیں۔