اسلام آباد۔17جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ بھارتی اینکر کے ٹرانسکرپٹس بی جے پی کی ہندتوا اکثریتی حکومت ،بھارتی انٹیلیجنس اور اس کے جنگجو میڈیا کے مابین ناپاک گٹھ جوڑ کو افشاء کر رہے ہیں ،یہ پاکستان کے مؤقف کو سچ ثابت کرتا ہے کہ پلوامہ حملہ جھوٹ اور دغا بازی کے سوا کچھ بھی نہیں۔ وفاقی وزیرسینیٹر شبلی فرازنے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ فالس فلیگ آپریشن کا منصوبہ پاکستان مخالف جذبات کو ابھار کر مودی کو انتخابی کامیابی دلانے کے لئے بنایا گیا، ایک کے بعد ایک ہندوستانی جھوٹ اور دھوکہ دہی دنیا بھر کے سامنے بے نقاب ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی حمایت،افواہ سازی اور فالس فلیگ آپریشن اس مہم کا حصہ ہیں۔