پشاور۔ 07 مئی (اے پی پی):پاکستان کے خلاف بھارت کی جارحیت کے تناظر میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے ہنگامی اجلاس کا انعقادکیاگیا۔وزیر اعلی ہاوس پشاور حکام کی جا نب سے جاری شدہ بیان کے مطابق اجلاس میں اسپیکر صوبائی اسمبلی، صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر، کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری، آئی جی پی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور انتظامی سیکرٹریز سمیت متعلقہ افراد نے شرکت کی ۔اجلاس میں بھارتی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی اور ملکی سلامتی کے لئے دعا کی گئی ۔
اجلاس میں بھارتی جارحیت پر سخت رد عمل کا اظہار اور جارحانہ اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی جبکہ ملکی دفاع کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا اور بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے سکیورٹی فورسز کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کی گئی ۔اجلاس میں کابینہ کو پاک بھارت کشیدگی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی ۔
اجلاس میں بھارت کی طرف سے جارحیت کو قابل مذمت اور افسوسناک قرار دیا اور کہا گیا کہ بھارت کی طرف سے رات کی تاریکی میں شہری آبادی کو نشانہ بنانا انتہائی شرمناک اور بزدلانہ اقدام ہے۔کابینہ نے کہا کہ بھارت کا یہ اقدام بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم یہاں سے بھارت کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم ملک کی دفاع کے لئے ہر وقت تیار ہیں، ہمارا ایمان ہے کہ غزوہ ہند ہوگا اور اس میں فتح مسلمانوں کی ہوگی، ہماری خوش قسمتی ہوگی اگر ہم غزوہ ہند کا حصہ بنیں۔
انہوں نے کہا کہ بحیثیت مسلمان ہمارے لئے سب سے بڑا رتبہ شہادت ہے اور ہم شہادت کے لئے ہر وقت تیار ہیں، ہم کشمیر اور پنجاب کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع کے لئے ہم سب متحد ہیں، 25 کروڑ عوام ملک کی فوج ہے، مودی کی جارحانہ پالیسی اس کے اپنے ہی لوگوں اور ملک کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے تحفظ کے لئے بھر پور جواب دینے کا حق رکھتا ہے، ہماری سکیورٹی فورسز بھارتی جارحیت کا بھر پور جواب دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کا بھر پور اور بروقت جواب دینے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، خیبر پختونخوا کی عوام اور حکومت سکیورٹی فورسز کے ساتھ بھر پور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فاشسٹ حکومت کا جارحانہ رویہ خطے کے امن کے لئے مستقل خطرہ ہے، بھارت ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے، ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کے اس جارحانہ رویے کا سخت نوٹس لے، خیبر پختونخوا کے عوام ملک کی دفاع کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ وطن کی مٹی کے دفاع کے لئے ہماری جانیں حاضر ہیں، صوبے کے عوام بھارتی جارحیت کا نشانہ بننے والے شہریوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام ان متاثرین کی امداد کے لئے ہر ممکن تعاون کی فراہمی کے لئے تیار ہیں، ہمارے لئے سب سے پہلے پاکستان ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593947