برسلز۔9مئی (اے پی پی):بیلجیئم میں بھارتی سفارت خانے کے سامنے پاکستانی اور کشمیری برادری کے ارکان نے مسیحی اور سکھ برادری کے نمائندوں کے ساتھ مل کر بھارت کی جارحیت، جھوٹے پراپیگنڈہ اور جنگی جنون کے خلاف بھرپور احتجاج کیا اور بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو اس کے غیر قانونی اقدامات پر جوابدہ ٹھہرائے۔
جمعہ کو یہاں سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق مظاہرے میں بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی اور بھارتی جارحیت پر اپنے خدشات اور پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ”بھارتی دہشتگردی نامنظور” جیسے نعرے درج تھے ۔ انہوں نے مودی حکومت کی ہندوتوا پالیسیوں کی شدید مخالفت کی جنہیں انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا۔مظاہرین نے بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی جانب سے پاکستان کی خودمختاری کی بلاجواز خلاف ورزی کا فوری نوٹس لیں۔ انہوں نے بھارت کے اقدامات پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور بھارتی اقدامات کو غیر ذمہ دارانہ اور جنوبی ایشیا کے لیے عدم استحکام کا باعث قرار دیا۔احتجاج کے دوران کمیونٹی رہنماؤں نے بین الاقوامی قوانین کے احترام اور انسانی حقوق کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا جارحانہ رویہ اور جھوٹے بیانیہ نے نہ صرف خطے کے امن کو خطرے میں ڈالا ہے بلکہ سرحد کے دونوں جانب لاکھوں عام شہریوں کی زندگیوں کو بھی متاثر کیا ہے۔ پاکستانی اور کشمیری برادری نے اتحاد اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو اس کے غیر قانونی اقدامات پر جوابدہ ٹھہرائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595071