اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے بھارتی جارحیت کو جذبہ حب الوطنی اور معصوم شہریوں پر حملہ قرار دیا اور کہا کہ پوری قوم اور افواج پاکستان نے جو منہ توڑ جواب دیا اور بنیان مرصوص آپریشن کی کامیابی پر خراج تحسین کی مستحق ہے۔ پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ سے کہا کہ بھارت بلوچستان میں بدامنی اور تخریب کاری پھیلا کر صوبے کے امن کو تباہ کر رہا ہے
بلوچستان کیلئے میرے بھائی اور والد نے جام شہادت نوش کیا اور ہم نے انہیں سبز ہلالی پرچم میں دفن کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی ہو، جعفر ایکسپریس کے سانحات ہوں، مستونگ یا درینگڑ کے دھماکے ہوں یا پہلگام کا واقعہ ہو بھارت ہر واقعہ میں ملوث رہا ہے لیکن بھارت یہ بھول گیا تھا کہ پاکستان کی قوم امن پسند ہے لیکن کمزور نہیں اور یہ بھرپور پیغام اس ایوان سے دینا ہو گا کہ بلوچستان آئندہ کسی کے ہاتھ کا کھلونا نہیں بنے گا، بھارت نے آئندہ ایسی کسی مہم جوئی کی کوشش کی تو اس کا منہ توڑ جواب اس سے بڑھ کر دیا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599037