اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستان پہلے ہی پہلگام واقعے کی تحقیقات کی پیشکش کر چکا ہے، بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے بھارت کی یہ جارحیت ناقابل قبول ہے، پاکستانی افواج دفاع کے لیے تیار اور مکمل طور پر چوکس ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کینیڈین ہائی کمیشن کے سیاسی و تجارتی قونصلر ڈینیل آرسنالٹ سے ملاقات کے دوران کیا۔ پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق یہاں ملاقات میں صاف توانائی، معدنیات اور جیولوجیکل سروے کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔
بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کینیڈین کونسلر آرسنالٹ نے خطے میں مزید عدم استحکام کو روکنے کے لیے پرامن راستہ اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے گنجان آباد علاقوں میں حملوں پر کینیڈا کی تشویش کا اظہار کیا اور پرامن حل پر زور دیااور امید ظاہر کی کہ تنائو میں جلد کمی آئے گی۔ وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے بھارت کی جانب سے شہری آبادی پر حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بین الاقوامی قانون اور انسانی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے اور بھارت کی اپنے شہریوں کی حفاظت کرنے میں ناکامی کی مایوسی کا اظہار ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی پہلگام واقعے کی تحقیقات کی پیشکش کر چکا ہے، بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے بھارت کی یہ جارحیت ناقابل قبول ہے، پاکستانی افواج دفاع کے لیے تیار اور مکمل طور پر چوکس ہیں۔ ملاقات میں پائیدار توانائی کی ترقی میں تعاون پر بھی غور کیا گیا۔ دونوں فریقین نے صاف توانائی ٹیکنالوجیز، معدنیات اور پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارت کو بڑھانے کے مشترکہ اقدامات پر گفتگو کی۔ وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کینیڈین کمپنیوں کو پاکستان کے ایکسپلوریشن سیکٹر میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جس میں آن شور اور آف شور دونوں میں بڑے مواقع موجود ہیں۔ کینیڈین کونسلر نے تکنیکی معاونت پارٹنرشپ (ٹی اےپی) پروجیکٹ کے تحت جیولوجیکل سروے آف پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تعاون کے مواقع پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کینیڈا میں ہونے والے گلوبل انرجی شو میں شرکت کی بھی دعوت دی۔
علی پرویز ملک نے پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے میں کینیڈا کی دلچسپی کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کم وقت میں بڑی ترقی کی ہے اور معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔ پاکستان کینیڈا کی مہارت اور سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھانے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے تاکہ معاشی تبدیلی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔ ملاقات میں دونوں جانب سے باہمی تفہیم اور معاشی تعاون کو فروغ دینے کے لیے باقاعدہ رابطہ برقرار رکھنے پربھی اتفاق کیا گیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593938