راولپنڈی ۔9مئی (اے پی پی):پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کنٹرول لائن پر جھنڈا پیر،کیلر سیکٹر میں ڈوبہ مور پوسٹ، بٹالین ہیڈ کوارٹر سوجی اورپیر کانتھی سیکٹر میں جبار اینڈ ترکھیاں کمپلیکس سمیت درجنوں چوکیاں تباہ کردیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جانب سے حاجی پیر سیکٹر میں پاکستان کی طرف سے بھارتی فوج کیخلاف موثر جوابی کارروائی کی گئی۔
پاک فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کرنے پر بھارتی فوج کی جھنڈا زیارت پوسٹ کو تباہ کر دیا، جھنڈا زیارت پوسٹ کی تباہی سے دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔اس سے قبل بھی پاکستان کی موثر جوابی کارروائیوں سے کئی بھارتی چیک پوسٹیں تباہ ہو چکی ہیں۔پاک فوج نے حاجی پیر سیکٹر پر بھارتی بلا اشتعال فائرنگ کا جواب دیتے ہوئے بھارتی فوج کی رِنگ کنٹوئر پوسٹ اور پوکران مارٹر بگھسر پوسٹ کو بھی تباہ کر دیا۔
پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر بھارت کی تین مزید پوسٹیں تباہ کر دیں جن میں کیلر سیکٹر میں دشمن کی مہیری پوسٹ خالصہ ٹاپ جبکہ رکھ چکری سیکٹر میں دنا ٹاپ اور ماؤنڈ پوسٹ شامل ہے۔پاک فوج کے تازہ ترین حملوں میں دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ اس سے قبل بھی پاک فوج کی جانب سے دشمن کی متعدد پوسٹوں کو تباہ کر دیا گیا۔ کنٹرول لائن پر پے در پے پوسٹوں کی تباہی سے دشمن بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594742